پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلوں کی وجہ سے ہونے والی مون سون کی بارشوں اوراِن سے پیدا ہونے والی سیلابی صورت حال سے پاکستان کی آبادی کا ایک بڑا حصہ متاثر ہوتا ہے۔ اِس مضمون میں ہم آپ کو مون سون اور بارشوں کے موسم کے دوران احتیاطی اور حفاظتی تدابیر سے متعلق معلومات فراہم کریں گے۔

14_Urdu.png

مون سون یا بارشوں کے موسم سے پہلے آختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر

آپ مون سون یا سیلاب کے آنے سے پہلے مختلف احتیاطی تداببر اپنا سکتے ہیں۔ تاکہ آپ آفاتی صورت حال میں اپنی اور اپنے گھر والوں کی حفاظت یقینی بنا سکیں۔

1۔ گھر کی مرمت

مون سون کا موسم شروع ہونے سے پہلے اِس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ نے اپنے گھر میں تمام ضروری مرمتی کام کرلیا ہو، تاکہ آپ کے گھر کو بارشوں سے کم سے کم نقصان ہو۔ اِس مرمتی کام میں درج ذیل امور شامل ہو سکتے ہیں:

۔ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے گھر کی چھت میں سوراخ اور دراڑیں نا ہوں۔

۔ چھت پر نکاِسی آب کے لیے موجود نالیاں اور پائپ ٹوٹے ہوئے یا بند نا ہوں۔

۔ کھڑکیوں کے دروں اور پٹیوں میں دراڑیں نا ہوں، جس سے بارش کے پانی کا آپ کے کمرے میں اندر آنے کا امکان ہو۔

۔ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ گھرکے دروازوں کی چوکھٹیں مضبوط ہوں۔ ٹوٹی اور ناپائیدارچوکاٹھیں بارش یا سیلاب کے پانی کے زورسے دروازوں کے ٹوٹنے کا باعث بن سکتی ہیں۔

۔ اگرآپ کی چھت میں لکڑی کے بیم یا گاڈرہوں تو اِس بات کو یقینی بنائیں کہ ان میں دیمک نہ لگی ہو۔ اپنے دروازوں اورکھڑکیوں کو بھی دیکھ کر اطمینان کریں تاکہ آپ بارش کی صورت میں نقصان سے بچ سکیں۔

۔ اِس بات کا خصوصی خیال رکھیں کہ آپ کے گھر میں موجود زیرزمین پانی کی ٹینکی ٹھیک طرح بند ہو تاکہ اِس میں سیلاب یا بارش کا پانی داخل نہ ہوسکے۔ سیلاب کے پانی میں مختلف اقسام کی بیماریاں پھیلانے والے جراثیم موجود ہوتے ہیں، جو ٹائیفائیڈ، ہیضہ،ہیپاٹائٹس-اے، وغیرہ جیسی بیماریوں کا سبب بنتے ہیں۔

2۔ گلی کی صفائی

مون سون کے شروع ہونے سے پہلے یا سیلاب کے پیش نظردرج ذیل ضروری اقدامات پرعمل کریں:

۔ آپ کی گلی مِیں موجود پانی کی نالیاں صاف اور کھلی ہوں۔ کیونکہ نالیوں کی بندش پانی کے ایک جگہ جمع ہونےاورکھڑے رہنے کا باعث بنتی ہے۔

۔ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی گلی میں کوڑا کرکٹ موجود نا ہو جو کہ بارش کے پانی میں بہہ کر نالیوں کی بندش کا باعث بن سکے۔ نالیوں کی بندش کی وجہ سے کھڑا ہونے والا پانی ڈینگی مچھروں کی افزائش گاہ بھی بن سکتا ہے۔

۔ اگرآپ کی گلی میں مرمت کی ضرورت ہو یا نکاِسی آب کا مسئلہ ہو تو اپنے بلدیاتی نمائندوں اورمتعلقہ حکام سے فوری رابطہ کریں تاکہ بارشوں کے دوران آپ کو مشکلات کا سامنا نا کرنا پڑے۔

3۔ مال مویشیوں کی ویکسینیشن

اگر آپ مال مویشی رکھتے ہیں تو مون سون شروع ہونے سے پہلے اِس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے مویشیوں کی ویکسنشن مکمل ہوچکی ہو تاکہ وہ اِس موسم میں پھیلنے والی بیماریوں سے محفوظ رہ سکِں۔

سیلاب سے پہلے احتیاطی تدابیر

آپ سیلاب کے آنے سے پہلے اپنی حفاظت کے لیے درج ذیل احتیاطی تدابیر اپنا سکتے ہیں:

1۔ اپنے آپ کو اہم معلومات سے آگاہ رکھیں

مون سون میں اپنے علاقے کے موسم اور بارشوں کے حوالے سے آگاہی نہایت ضروری ہے، تاکہ آپ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورت حال سے نبٹنے کے لیے تیار رہیں۔

۔ موسم کی صورت حال کے حوالے سے ٹی-وی اور ریڈیو پردی جانے والی خبروں سے آگاہ رہیں یا کسی بھی قابل اعتماد ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔

۔ مقامی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے والے اداروں کی جانب سے موسم کے حوالے سے جاری ہونے والے اعلانات سے خود کو آگاہ رکھیں۔

2۔ حکام کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات پرعمل کریں

آپ کے مقامی حکام کو حالات اور ہنگامی صورت حال میں امدادی کاروائیوں کے متعلق بہتر جان کاری ہوتی ہے، اِس لیے آپ کے لیے نہایت ہی اہم ہے کہ:

۔ آپ اپنے مقامی حکام کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ سیلابی صورت حال میں آپ کے جان اور مال کی حفاظت ہوسکے۔

۔ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے پاِس مقامی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے والے اداروں اور مقامی نمائندوں کے رابطہ نمبرموجود ہوں۔
۔ اپنے مقامی حکام اور نمائندوں سے مسلسل رابطہ رکھیں تاکہ آپ ہنگامی صورت حال سے متعلق ہدایات سے باخبر رہ سکیں۔

۔ اِس بات کا خیال رکھیں کہ آپ کا خاندان اوراِس پڑوس کے لوگ صورت حال سے باخبر ہوں اورانہیں ہنگامی صورت حال میں لئے جانے والے اقدامات کی آگاہی ہو۔

3۔ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے میڈیکل کٹ تیار رکھیں اورضروری ادویات خرید لیں

ہنگامی صورت حال سے نپٹنے کے لیے میڈیکل کٹ جسے فرسٹ ایڈ کٹ بھی کہا جاتا ہے نہایت ہی ضروری ہے اور آپ کے گھر میں ہر وقت موجود ہونی چاہیے۔ سیلابی صورت حال کے تناظر میں اِس کٹ کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔

۔ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی فرسٹ ایڈ کٹ میں تمام ضروری ادویات اورمرہم وغیرہ موجود ہوں اوروہ ایکسپائر نا ہوں۔

۔ پٹیاں، جراثیم کش محلول، اور جراثیم کش مرہم نہایت ہی ضروری ہیں لیکن سیلاب کے خطرے کے پیش نظراِس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے پاِس نمکول، دست اور پیٹ کی دیگر بیماریوں کی ادویات موجود ہوں۔

۔ پیراِسیٹامول، آئبوپروفین، اوراینٹی الرجی ادویات بھی نہایت ہی ضروری ہیں۔

۔ اِس بات کا خیال رکھیں کہ آپ نے فرسٹ ایڈ کٹ گھر میں سیلاب کے پانی سے محفوظ اونچے مقام پر رکھا ہوا ہے۔

۔ اگر آپ کے گھرمیں کوئی مریض موجود ہیں جو کہ باقاعدگی سے ادویات لیتے ہیں تو اِس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے اِستعمال کی ادویات آپ کے پاِس وافر مقدارمیں موجود ہوں۔

آپ فرسٹ ایڈ کٹ اپنے کسی بھی قریبی میڈکل سٹورسے خرید سکتے ہیں یا اپنے لیے خود ہی گھر پر بنا سکتے ہیں۔ گھر پر فرسٹ ایڈ کٹ بنانے لیے طریقہ آپ کو اِس لنک سے مل جائے گا۔

4۔ راشن اور پینے کے پانی کا انتظام کرلیں

۔ اِس بات کا خیال رکھیں کہ آپ کے پاِس وافر مقدار میں راشن موجود ہو خاص کر خشک اجزاء جیسے کہ دالیں، چاول، آٹا، چینی، تیل یا گھی وغیرہ۔

۔ اِس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ آپ کہ پاِس کھانے کی ایسی اجزائ موجود ہو جن کو پکانے کی ضرورت نا ہو جسیے کہ خشک چنا، کھجوریں، بسکٹ، پیکٹ والے جوس، ڈبل روٹی تاکہ اگر سیلاب کی صورت میں آپ کے گیس چلی جائے تو آپ کے پاِس کھانا ہو۔

۔ اگر آپ کے گھر میں نومولود بچے موجود ہوں تو ان کی خوراک جس میں فارمولا اور خشک دودھ شامل ہے آپ کے پاِس وافر مقدار میں موجود ہونی چاہیے۔

۔ پینے کا پانی جمع کرلیں اور پانی ابالنے کا انتظام کرلیں۔ اگر آپ پینے کے پانی کی صفائی کے لیے فلٹر اِستعمال کرتے ہیں تو فلٹر کے لیے کارٹیریج خرید لیں۔

5۔ مچھر دانی اورمچھر بھگانے کی دوائی خرید لیں

سیلاب کے پانی میں مچھروں کی افزائش ہوتی ہے جس کی وجہ سے ملیریا اور ڈینگی ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اِس وجہ سے مچھر دانیاں اورمچھر بھگاو ادویات اپنے پاِس رکھیں تاکہ آپ اور آپ کے بچے محفوظ رہ سکیں۔

6۔ اپنی ضروری دستاویزات کو محفوظ کریں

اپنی ضروی دستاویزات جیسے شناختی کارڈ، ب-فارم، پاِسپورٹ، تعلیمی اِسناد، گھر کے کاغذات، طبی ریکارڈ اورویکسین کے ریکارڈ کو پلاِسٹک کے لفافے میں اچھے طریقے سے باندھ کر محفوظ اور بلند مقام پر رکھ لیں تاکہ ان کو سیلابی پانی سے نقصان نہ پہنچ سکے۔

7۔ ہنگامی صورت حال کے لیے رقم محفوظ رکھیں

اِس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی ہنگامی صورت حال کے پیش نظرآپ کے پاِس کچھ رقم موجود ہو جو کہ محفوظ مقام پر ہو اور بوقت ضرورت آپ کی پہنچ میں ہو۔

8۔ الیکٹرانک آلات کو چارج کرلیں

اپنے پاِس موجود درج ذیل قسم کے الیکٹرانک آلات کو چارج رکھیں:

۔ اپنے موبائل فون کو مکمل طور پر چارج رکھیں اوراِس موبائل کا غیر ضروری اِستعمال نہ کریں تاکہ ہنگامی صورت حال میں آپ کا رابطہ منقطع نا ہو۔

۔ اگر آپ کے پاِس موبائل چارج کرنے کے لیے پاور بینک موجود ہو تو اِسے مکمل طور پر چارج کرلیں تاکہ بجلی نہ ہونے کی صورت میں آپ اپنا موبائل پاور بینک سے چارج کرسکے،

۔ جارج کی جانی والی لائٹوں اور ٹارچ کو مکمل طور پر چارج کرلیں۔

۔ موم بتیاں، ماچس کی ڈبیاں، مٹی کا تیل وغیرہ خرید کر گھر پر رکھ لیں تاکہ اگر آپ کی بجلی چلی جائے تو آپ کے پاِس روشنی کے متبادل ذرائع ہوں۔

9۔ انخلاء کی تیاری کریں

اگر آپ دریا یا کسی بھی قسم کے آبی ذخائر یا ندی کے کنارے رہائش پذیر ہیں تو آپ کو اپنی اوراپنے خاندان کی حفاظت کے لیے انخلاء کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ اِس صورت حال میں درج ذیل اقدامات ضروری ہیں:

۔ مقامی انتظامیہ کی طرف سے جاری ہونے والی تمام وارننگ، احتیاطی تدابیر اور انخلاء کے اعلانات سے خود کو آگاہ رکھیں۔

۔ آپ کے پاِس اپنے گھر والوں اور اپنے ضروری سامان کی محفوظ مقام پر منتقلی کے لیے ذرائع جیسے کہ گاڑی وغیرہ موجود ہو۔

۔ آپ کو راِستوں اور ان پر سیلاب کی صورت حال کے متعلق معلومات ہو تاکہ آپ سیلابی ریلے میں پھنسنے سے بچ سکیں۔

۔ آپ جس علاقے میں پناہ کے لیے جارہے ہو وہ علاقہ سیلاب سے محفوظ ہو۔

10۔ اپنے فرنیچر اورضروری سامان کو محفوظ مقام پر منتقل کرلیں

اگر آپ کو مکمل طور پرانخلاء نہیں کرنا لیکن آپ کو شبہ ہو کہ سیلاب کا پانی آپ کے گھر کے اندر داخل ہو سکتا ہے تو آپ مالی نقصان سے بچنے کے لیے درج ذیل اقدامات اٹھا سکتے ہیں:

۔ اپنے فرنیچر کو باندھ کر بالائی منزل پر منتقل کرلیں۔

۔ قالین اور چٹائیاں وغیرہ بھی پلاِسٹک میں بند کرکے بالائی منزل پر منتقل کرلیں۔

۔ کپڑے اور باقی ضروری سامان کو سمیٹ کر گھر میں محفوظ مقام پر منتقل کرلیں اگر آپ کو پانی کا آپ کے الماریوں میں داخل ہونے کا شبہ ہو۔

سیلاب کے دوران کی احتیاطی تدابیر

آپ بارش اور سیلاب کے دوران درج ذیل احتیاطی تدابیر اپنا سکتے ہیں:

1۔ سیلاب کے حوالے سے انتبات پر نظر رکھیں

سیلاب یا انخلاء سے متعلق مقامی انتظامیہ کے اعلانات جو کہ مسجدوں، ٹی وی، ریڈیو یا انٹرنیٹ کی ذریعے کئے جاتےہیں، ان سے خود کو باخبر رکھیں۔

2۔ بجلی کے کھمبوں اور درختوں سے دور رہیں

بارش یا سیلاب کی صورت حال میں:

۔ بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے دور رہیں۔

۔ بارش کے پانی میں چلنے سے گریز کریں خاص کر بجلی کے کھمبوں اور تاروں کے قریب تاکہ آپ کرنٹ لگنے سے محفوظ رہ سکیں۔

۔ درختوں کے نیچے پناہ لینے سے گریز کریں کیونکہ ان کے گرنے سے آپ کو گہری چوٹ لگ سکتی ہے۔

۔ اپنے مال مویشیوں کو درختوں اور کھمبوں سے نا باندھیں۔

3۔ دریاوں کے کناروں اور پانی کے ذخائر کے قریب جانے سے گریز کریں

مون سون میں دریاوں اورنہروں میں پانی کا بہاو اور زور بہت تیز ہوتا ہے جس سے پانی کا آپ کو بہا کرلے جانے کا شدید خطرہ ہوتا ہے اِس لیے پانی کے قریب جانے یا اِس میں تیرنے سے گریز کریں۔

4۔ اونچے مقامات پر پناہ لیں

اگر سیلاب کا پانی آپ کی گلی میں جمع ہونا شروع ہوجائے یا آپ کے گھر کے اندرآنے لگے تو اپنے گھر کی بالائی منزل پر پناہ لے لیں۔

اگر آپ کے مقامی انتظامیہ نے انخلاء کے لیے ہدایات جاری کی ہو تو اپنے اور اپنے گھر والوں سمیت محفوظ مقام پر منتقل ہوجائے جہاں سیلاب کا امکان کم ہو۔

5۔ برقی آلات اِستعمال کرتے وقت احتیاط برتیں

بارش یا سیلابی صورت حال میں برقی آلات اِستعمال کرتے وقت احتیاط برتیں کیونکہ ان حالات میں کرنٹ لگنے کاخطرہ ہوتا ہے۔ برقی آلات کا سوئچ لگانے سے پہلے پلاِسٹک یا ربڑ کے جوتے یا چپل پہن لیں۔

اگر سیلاب کا پانی آپ کے گھرمیں داخل ہوجائے تو اپنے برقی آلات بند کرکے انہیں محفوظ مقام پر منتقل کرلیں۔

6۔ سیلاب کے پانی میں چلنے یا گاڑی چلانے سے گریز کریں

سیلاب کا پانی اپنے ساتھ مختلف بیماریوں کے جراثیم، کیڑے مکوڑے، سانپ اوردیگر خطرناک چیزیں جیسے کہ گلاِس کی ٹوٹی کرچیاں لے کا آتا ہے جو کہ آپ کے لیے شدید نقصان کا باعث بن سکتی ہیں۔

۔ بارش کے پانی میں غیر ضرورری نقل و حرکت سے گریز کریں۔ اگر چلنا بہت ضروری ہو تو ہاتھ میں ڈنڈا لے کر چلیں تاکہ آپ اِس کے ذریعے سے زمین پر پڑی چیزوں کا اندازہ لگا سکیں۔

۔ گھٹنوں تک آنے والے ربڑ کے بوٹ پہنیں یا جرابوں کی جگہ پلاِسٹک کے لفافے پہنیں تاکہ آپ کی جلد کا سیلاب کےپانی سے براہ راِست رابطہ نا ہو۔

۔ سیلاب کے پانی میں گاڑی چلانے سے گریز کریں کیونکہ آپ گاڑی سمیت پانی میں بہہ سکتے ہیں۔

7۔ خوارک اور پانی

۔ ایسا کھانا کھانے سے مکمل طور پر گریز کیجئیے جس کا سیلاب کے پانی سے براہ راِست رابطہ ہوا ہو یا جس خوراک میں پانی جذب ہوچکا ہو کیونکہ اِس سے دست اور پیٹ کی اور بیماریاں ہوسکتی ہیں۔

۔ سیلاب کا پانی یا میونسپلٹی کے نل کا پانی پینے سے گریز کریں۔ پانی صرف ابال کریا فلٹر کرکے پئیں۔

8۔ انخلاء

۔ اگر آپ کی مقامی انتظامیہ اورحکام آپ کو انخلاء کا حکم جاری کریں تو فوری طور پر اپنے خاندان سمیت گھر سے اپنے ضروری سامان، رقم اور اپنے اہم دستاویزات لے کر نکل جائیں۔

۔ انخلاء کے وقت اِس بات کا خصوصی خیال رکھیں کہ آپ کے بجلی کے کنکشن کا مین سوئچ اورگیس کا وال بند ہو تاکہ کسی بھی قسم کے نقصان سے بچا جا سکے۔

9۔ مقامی انتظامیہ اور نیشنیل ڈیزازسٹر مینجمینٹ اتھارٹی/ پرونشل ڈیزازسٹر مینجمینٹ اتھارٹی سے رابطہ رکھیں

اگر آپ کو سیلابی صورت حال میں انخلاء میں مدد یا کسی اور قسم کی مدد درکار ہو تو اپنے مقامی انٹظامیہ یا نیشنیل ڈیزازسٹر مینجمینٹ اتھارٹی/ پرونشل ڈیزازسٹر مینجمینٹ اتھارٹی سے رابطہ کیجئے۔ ان کے رابطہ نمبر درج ذیل ہیں:

۔ نیشنیل ڈیزازسٹر مینجمینٹ اتھارٹی: 051111157157 اور 0519295037

۔ پروینشل ڈیزازسٹر مینجمینٹ اتھارٹی پنجاب: 1129 اور 04299203162

۔ پروینشل ڈیزازسٹر مینجمینٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا: 1700، 03164261700 واٹس- ایپ

۔ پروینشل ڈیزازسٹر مینجمینٹ اتھارٹی بلوچستان: 0819241133 ، 03349241133، 081111400400

۔ پروینشل ڈیزازسٹر مینجمینٹ اتھارٹی سندھ: 1736

۔ سٹییٹ ڈیزازسٹر مینجمینٹ اتھارٹی آزاد کشمیر: 05822921536، 05822921643

۔ گلگت بلتستان ڈیزازسٹر مینجمینٹ اتھارٹی: 05811920974، 0511922030

اگر آپ خیبر پختونخوا یا پنجاب میں مقیم ہیں تو آپ ریسکیو 1122 سے بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔

سیلاب کے بعد کی احتیاطی تدابیریں

سیلاب ختم ہونے کے بعد آپ کو درج ذیل حفاظتی تدابیر اپنانی چاہییں:

1۔ حکام کی اجازت کے بغیر گھر واپس نہ جائیں

اگر آپ نے سیلاب کے دوران اپنے گھر سے انخلا کیا ہو تو تب تک گھرواپس نا جائیں جب تک آپ کو حکام کی طرف سے اِس حوالے سے واضح ہدایات موصول نہ ہوجائیں۔

2۔ سیلاب کے کھڑے پانی میں چلنے سے گریز کریں

سیلاب کے کھڑے پانی میں چلنے سے گریز کریں کیونکہ اِس سے کی جلد کی بیماریاں پیدا ہوسکتی ہیں۔

بچوں کو گلی میں کھیلنے نہ دیں جب تک سیلاب کا پانی مکمل طور پر نکل نہیں جاتا۔

3۔ بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رہیں

بارش ختم ہونے کے بعد بھی بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے کرنٹ لگنے کا خطرہ رہتا ہے اِس لیے کسی بھی حادثے سے بچنے کے لیے بجلی کے کھمبوں یا تاروں کے قریب ہرگز نا جائیں۔

اگر سیلاب کے کھڑے پانی میں چلنا نا گزیر ہے تو ربڑ کے جوتے یا بوٹ پہن کر چلیں۔

4۔ پانی بال کر پئیں

پانی پینے سے پہلے لازمی ابال لیجئے کیونکہ سیلاب کے پانی میں مختلف قسم کے جراثیم ہوتے ہیں جو کہ آپ کے پینے کے پانی کے ذخائر میں مل کر اِسے بھی گندا کرلیتے ہیں۔

5۔ اپنی گلی کی صفائی ممکن بنائیں

اگر آپ کی گلی میں سیلاب یا بارش کا پانی کھڑا ہو تو فورا میونسپلٹی کے حکام سے پانی کے نکاِس کے لیے رابطہ کیجئے تاکہ ڈینگی، ملیریا اور ایسی دوسری بیماریوں کے پھیلاو کو روکا جاِسکے۔

6۔ وباء کے پھیلاو کو رپوٹ کریں

اگر آپ اپنے اردگرد کسی وباء کا پھیلاو دیکھیں تو فورا اپنے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس سے رابطہ کیجئے تاکہ اِس کی فوری روک تھام کی جاِسکے۔

7۔ گھر کی دیواریں چیک کروالیں

سیلاب کے پانی سے آپ کے گھر کی چاردیواری کمزور ہوسکتی ہے۔ سیلاب کے بعد اپنی چاردیواری کو چیک کروالیں تاکہ کسی بھی قسم کے حادثے سے بچا جاِسکے۔

8۔ اپنے مال مویشیوں کا معائنہ کروائیں

اگر آپ مویشیوں کے مالک ہیں تو سیلاب کے بعد ان کے کھانے پینے کا خاص خیال رکھیں اور اِس بات کا خیال رکھیں کہ ان کا پینے کا پانی اور چارہ صاف ہو تاکہ وہ بیمارنہ پڑیں۔

اِس کے علاوہ ان کا معائنہ ڈاکٹر سے کروالیں تاکہ اِس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ انہیں کوئی بیماری نہیں لگی۔

اپنے سوال بولو کو بھیجیں!

سیلاب یا دیگر قدرتی آفات میں حفاظتی تدابیر یا امدادی اداروں کے حوالے سے معلومات حاصل کرنے کے لیے آپ ہم سے بولو کے فیس بک پیج کے ذریعے سے براہ راِست رابطہ کرسکتے ہیں۔ ہماری ٹیم پیر سے جمعہ صبح 9:00 بجے سے شام 5:00 بجے تک سوالات کا جواب دیتی ہے۔