احساس کفالت پروگرام/بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی اِیس پی) کم آمدنی والے گھرانوں کی ترقی کے لئے نقد رقم اور مراعات فراہم کرتا ہے۔

کوویڈ-19 اور اس کے نتیجے میں لاک ڈاؤن اور معاشی سرگرمیوں میں کمی کے تناظر میں، بہت سے لوگ اِس پروگرام کے لئے اہلیت اور رجسٹریشن کے بارے میں معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اِس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے حکومت پاکستان کے احساس کفالت پروگرام کی اہلیت، رجسٹریشن کے عمل اور فوائد کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لئے اِس مضمون کو تشکیل دیا ہے۔

 

5.jpg

 

احساس کفالت پروگرام کیا ہے اور مستفید کنندہ کو فراہم کردہ سہولیات کیا ہیں؟

ماہانہ رقم کی فراہمی

احساس کفالت پروگرام کے تحت، حکومتِ پاکستان مستفید کنندہ کو ماہانہ 2000 روپے کی رقم فراہم کرتی ہے۔ اِس پروگرام کو حال ہی میں 113 اضلاع تک بڑھا دیا گیا ہے، جس سے مستفید کنندہ کی تعداد 70 لاکھ سے بڑھ کر 1 کروڑ ہو جائی گی۔ 

رجسٹرڈ افراد کے لئے ترجیحی معاونت

کفالت پروگرام کے تحت رجسٹرڈ افراد اور گھرانے اکثر ملک میں کسی بڑے بحران کے تناظر میں سب سے پہلے امداد حاصل کرنے کے اہل ہوتے ہیں۔ اِس کی ایک مثال احساس ایمرجنسی کیش ٹرانسفر اور احساس راشن ہے جو، کوویڈ-19 کے دوران متعارف کرایا گیا تھا۔ اِن پروگرامز کے تحت کفالت پروگرام کے مستفید کنندہ کو ترجیحی معاونت فراہم کی گئی تھی۔

 مزید برآں، احساس کفالت سے مستفید ہونے والے افراد سماجی تحفظ کے دیگر اقدامات کے اہل ہو جاتے ہیں، جیسے کہ احساس بلاسود قرض پروگرام، وسیلہ تعلیم، وسیلہ روزگار، وغیرہ۔

خواتین کے لئے معاشی تحفظ اور خود مختاری

کفالت پروگرام خواتین کی مالی شمولیت کو یقینی بنانے کے لئے بینک اکاؤنٹ کے ذریعے خواتین کو معاشی تحفظ اور قومی معیشت میں اپنا کردار ادا کرنے کا موقعع فراہم کرتا ہے۔ اِس پروگرام کے تحت خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لئے درج ذیل اقدامات کئے گئے ہیں:

- کم آمدنی والے گھرانوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کی بینک اکاؤنٹ کھولنے میں معاونت۔ 

- مستحق خواتین کو اسمارٹ فونز کی فراہمی، تاکہ ان کی ڈیجیٹل شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ 

احساس پروگرام کے ایک بنیادی جزو کے طور پر، کفالت پروگرام خواتین کی مالی طور پر خود مختار ہونے اور غربت سے بچنے میں مدد کرتا ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لئے مستحق خواتین کے لئے روزگار، تعلیم، اور صحت کی سہولیات تک رسائی ممکن بنائی جاتی ہے۔ اِس مقصد کے حصول کے لئے رجسٹرد خواتین کو احساس کے دیگر پروگرامز میں شامل کیا جا تا ہے۔

بی آئی ایس پی/ احساس کفالت پروگرام میں شمولیت کیسے ممکن ہے اور اہلیت کا کیا پیمانہ ہے؟

بی آئی ایس پی/ احساس کفالت پروگرام میں شمولیت کے مختلف طریقے، اہلیت اور رجسٹریشن کے طریقہ کار جاننے کے لئے نیچے دی گئی معلومات پڑھیں:

مستفید کنندہ کی شناخت کیسے کی جاتی ہے؟

مستفید کنندہ کی شناخت گھریلو سروے اور احساس نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) ڈیسک رجسٹریشن مراکز کے ذریعے کی جاتی ہے۔ اِس عمل میں ایک ویب سروس اور ایس ایم ایس کے ذریعے بھی مدد ملتی ہے اور ہرمتعلقہ ضلع میں کم از کم ایک رجسٹریشن ڈیسک موجود ہے۔

احساس کفالت پروگرام کے لئے اہلیت

صرف کم آمدنی والے افراد ہی احساس کفالت پروگرام کے اہل ہیں۔ سرکاری ملازمت کے حامل افراد، اِن کی شریک حیات، گاڑی کے مالک افراد، اور وہ لوگ جو اکثر بیرون ملک صفر کرتے ہیں، اِس پروگرام کے لئے اہل نہیں ہیں۔

احساس کفالت پروگرام کے لئے رجسٹریشن کا طریقہ

اِس وقت پاکستان بھر کے 113 اضلاع میں رجسٹریشن مراکز موجود ہیں۔

1- اپنے قریب ترین احساس رجسٹریشن سینٹر کا پتہ لگانے کے لئے، آپ احساس پروگرام کی ویب سائٹ پر اِس لنک پر کلک کر کے جا سکتے ہیں۔

2- دئے کئے لنک سے اپنا ضلع منتخب کریں اور اِس بات کا تعین کریں کہ احساس رجسٹریشن سروے آپ کے ضلع میں دستیاب ہے یانہیں۔

3- رجسٹریشن مراکز کے نام، پتے، گوگل میپ لوکیشنز اور رابطہ نمبرز کی معلومات آپ کو دکھائی جائیں گی۔

4- اگر آپ کا ضلع فہرست میں ہے، تو اپنے قریبی مرکز پر اپوائنٹمنٹ بک کروانے کے لئے اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر بذریعہ ایس ایم ایس 8171 پر بھیجیں۔

 

 

مستفید کنندہ کے لئے رقم کی ادائیگی کا طریقہ

تمام مستفید کنندہ احساس ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم کے ذریعے ادائیگی وصول کرتے ہیں۔ اِس میں پوائنٹ آف سیلز اور بینک الفلاح اور حبیب بینک کے مقرر کردہ بائیو میٹرک سے چلنے والے اے ٹی ایم کے ذریعے رقم نکالی جا سکتی ہے۔

کفالت پروگرام کے بارے میں مزید جانیں!

آپ اِس لنک سے کفالت پروگرام کے بارے میں مزید جان سکتے ہیں یا احساس کفالت پروگرام اور این ایس ای آر سروے کی  ویب سائٹ  وزٹ کر سکتے ہیں۔  مزید  معلومات  کے  لئے:

اِن نمبروں پر کال کریں:

080026477

یا

contactus@pass.gov.pk پر ای میل کریں۔

آپ اِس لنک کے ذریعے اپنا قریبی بی آئی ایس پی/کفالت پروگرام کا علاقائی دفتر بھی تلاش کر سکتے ہیں۔

اپنے سوال بولو کو بھیجیں!

احساس کفالت پروگرام اور سماجی تحفظ سے متعلق سوالات کے لئے، خواتین سمیت کم آمدنی والے گھرانوں کی مالی شمولیت کے لئے اقدامات کے بارے میں جاننے کے لئے آپ ہمیں ہمارے فیس بک پیج پر یا ہماری ویب سائٹ کے چیٹ باکس کے ذریعے سوالات بھیج سکتے ہیں۔

 ہماری ٹیم پیر تا جمعہ صبح 9:00 بجے سے شام 5:00 بجے تک سوالات کے جوابات دیتی ہے.