پچھلے مضمون میں ہم نے معذوری کے سرٹیفکیٹ کے حصول کے عمل اور معذور افراد کو درپیش مسائل کے بارے میں معلومات فراہم کی تھی۔ جیسے کہ نقل و حرکت، سیکھنے کی صلاحیت اور بات چیت کرنے کی صلاحیت پر اثر انداز ہونے والے عوامل جو معذور افراد کے لئے مختلف دشواریوں کا سبب بنتے ہیں۔

SCNIC.png

اِس کے علاوہ ایک اور مضمون میں ہم نے پاکستان میں کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) کے حصول کے لئے ہدایات فراہم کی تھیں۔ اِس بار ہم معذور افراد کے لئے مخصوص خصوصی شناختی کارڈ حاصل کرنے کا طریقہ بیان کریں گے۔ خصوصی شناختی کارڈ معذور افراد کے لئے حکومتِ پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ مختلف مرعات کا حصول ممکن بناتا ہے اور معذور افراد کی نشان دہی میں مدد دیتا ہے۔

 خصوصی کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (ایس سی این آئی سی) کیا ہے؟

2009 میں، حکومتِ پاکستان نے خصوصی کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ متعارف کرایا جس کا مقصد معذور افراد کی خصوصی ضروریات کو پورا کرنا تھا۔ معذور افراد کے لئے خصوصی قومی شناختی کارڈ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے ذریعہ جاری کیا جاتا ہے ، جو رجسٹرڈ شخص کو ملک میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ذریعہ فراہم کردہ کچھ فوائد حاصل کرنے کے لئے اہل قرار دیتا ہے۔

خصوصی کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کے کیا فوائد ہیں؟

خصوصی کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (ایس سی این آئی سی) معذور افراد کو خصوصی فوائد حاصل کرنے کے لئے اہل بناتا ہے۔ اِن فوائد میں مندرجہ ذیل شامل ہیں:

  • سرکاری ملازمت پاکستان میں معذور افراد کے لئے 2 فیصد کوٹہ سے سرکاری ملازمت کے لئے اہلیت۔
  • سرکاری اداروں کی ٹیوشن فیس میں 75 فیصد تک اور نجی اداروں میں 50 فیصد تک رعایت۔
  • مجموعی طور پر ہوائی سفر، ریلوے اورسڑک کے کرایوں پر50 فیصد رعایت۔
  • سرکاری ہسپتال اور طبی سہولیات میں خصوصی کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ ہولڈر، شریک حیات اور بچوں کا مفت علاج معالجہ۔
  • مصنوعی اعضاء اور دیگر آلات کے حصول کے لئے امداد۔ وہیل چیئرز، خصوصی پارکنگ کی جگہوں تک رسائی۔ 
  • وہیل چیئر اور معذوری سے متعلق دیگر اشیاء کی درآمد پر ٹیکس سے چھوٹ۔ 

 خصوصی کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ حاصل کرنے کے لئے دستاویزات اور تقاضے

پاکستان کے معذور باشندوں کے لئے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کے لئے درخواست دینے کے لئے ضروری دستاویزات کی فہرست مندرجہ ذیل ہے:

  • معذوری کا سرٹیفکیٹ-
  • والدین کے قومی شناختی کارڈ کی اصل اور فوٹو کاپیاں۔
  • نادرا ب فارم کی اصل اور فوٹو کاپی۔ 
  • بایومیٹرک تصدیق کے لئے درخواست دہندہ کے ساتھ والدین یا سرپرست یا خون کے رشتہ دار کو لازمی طور پر موجود ہونا چاہئے۔

پاکستان میں معذوری کے سرٹیفکیٹ کے لئے درخواست دینے کی ہدایت

پاکستان میں ایس سی این آئی سی کے لئے درخواست دینے کے لئے، پاکستانی شہری اور پاکستان کا رہائشی ہونے کے ساتھ معذوری کا سرٹیفکیٹ ہونا لازم ہے۔

معذوری کا سرٹیفکیٹ حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک دستاویز ہے جو کسی معذوری والے شخص کو جاری کیا جاتا ہے جو اُس شخص کی معذوری کی نوعیت کی تصدیق کرتا ہے۔ معذوری کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے لئے حکومت پاکستان نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے تحت پورے ملک میں معذوری کی تشخیص کے لئے بورڈ قائم کیئے ہیں۔ یہ بورڈ عام طور پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، ڈاکٹر اور سوشل ویلفیئر محکموں کے افسران پر مشتمل ہوتے ہیں۔

پاکستان میں معذوری کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے طریقہ سے متعلق تفصیلی معلومات پر ہمارا یہ مضمون پڑھیں۔

 پاکستان میں خصوصی کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کے لئے درخواست دینے کے لئے ہدایات

  1. اِس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے پاس اوپر بیان کردہ معذوری کا سرٹیفکیٹ اور دیگر مطلوبہ دستاویزات موجود ہیں۔
  2. خصوصی شناختی کارڈ کے لئے درخواست دینے کے لئے مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ قریب ترین نادرا آفس جائیں۔
  3. آپ کو ایک ٹوکن جاری کیا جائے گا۔ جب تک آپ کے ٹوکن اور کاؤنٹر نمبر کا اعلان نہیں ہوتا تب تک اپنی باری کا انتظار کریں۔
  4. اپنے کارڈ پر کارروائی کرتے وقت بائیو میٹرک تصدیق کرنے کے لئے خون کے رشتہ دار کے ساتھ اپنے نامزد کاؤنٹر پر مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ آگے بڑھیں۔ بایومیٹرک تصدیق کرنے والا فرد (آپ کا خون کا رشتہ دار) بھی قومی شناختی کارڈ کا حامل ہونا چاہئے۔

نوٹ: درخواست دہندہ کو ایس سی این آئی سی کے لئے درخواست دیتے وقت خود نادرا مرکز جانا ہوگا۔ اگر خود نادرا مرکز جانا ممکن نہیں ہے تو آپ گھر پر نادرا کے عہدیدار سے ملاقات کی درخواست کرسکتے ہیں۔

مزید تفصیلات کے لئے آپ نادرا کی ہیلپ لائن پر نیچے دئیے گئے اوقات پرفون کرسکتے ہیں: 

  • ہیلپ لائن: 100-786-111-051
  • پیر تا جمعہ صبح 08:00 بجے سے شام 09:00 بجے 
  • ہفتہ صبح 09:00 بجے سے سہ پہر 04:00 بجے

 اپنے سوال بولو کو بھیجیں!

کیا آپ کا خصوصی کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ سے متعلق کوئی سوال ہے؟ پاکستان میں معذور افراد سمیت مختلف سہولیات کے بارے میں رہنمائی حاصل کرنے کے لئے آپ ہمیں بولو فیس بک پیج پر نجی پیغام بھیج سکتے ہیں۔ بولو ٹیم پیر سے جمعہ، صبح 09:00 بجے سے دوپہر 05:00 بجے تک پیغامات کا جواب دیتی ہے۔