کوویڈ-19 کے باوجود دنیا بھر میں بہت سارے افراد کاروبار، سیاحت، رشتے داروں سے ملنے کی غرض سے یا امدادی سرگرمیوں اور ترقیاتی منصوبوں پرعمل درآمد کے لئے ہر روز سفر کرتے ہیں۔ دوران سفر اپنے آپ کو کوویڈ-19 سے محفوظ رکھنے کے لئے قابل اعتماد ذرائع سے معلومات کا حصول اہم ہے۔ اِس مضمون میں ہم حکومتِ پاکستان اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے مسافروں اور سیاحوں کے لئے فراہم کردہ ہدایات بیان کریں گے۔

Guidelines for Traveling.png

بیرون ملک سے پاکستان آنے والے افراد کے لئے ہدایات

 5 اکتوبر 2020 سے پاکستان آنے والے بین الاقوامی مسافروں کے لئے سفر اور کانٹیکٹ ٹریسنگ سے متعلق درج ذیل ہدایات پر عمل لازمی قرار دیا گیا ہے۔ 

کیا آپ جس ملک سے آرہے ہیں اِس ملک سے ہوائی سفر کی اجازت ہے؟

کوویڈ-19 سے متوقع خطرے کے مطابق، حکومتِ پاکستان نے ممالک کو اے، بی اور سی میں تقسیم کیا ہے۔

  •  اے: فہرست اے میں وہ ممالک شامل ہیں جن سے سفر کرنے والے افراد کو کوویڈ-19 ٹیسٹ سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
  •  بی: اِس فہرست میں وہ ممالک شامل ہیں جن سے سفر کرنے والے افراد کو لازمی منفی کوویڈ-19 آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کی ضرورت ہوگی جو سفر کی تاریخ کے 72 گھنٹوں کے اندر کیا گیا ہو۔
  • سی: اِس فہرست میں شامل ممالک سے کوویڈ-19 کی وجہ سے ہوائی سفر عارضی طور پر معطل ہے۔

 اے، بی اور سی میں شامل ممالک کی تازہ ترین فہرست یہاں دیکھیں۔

نوٹ: آپ ہمارے اِس مضمون  سے بیرون ملک سفر کرنے والے شہریوں کے لئے کورونا ویکسینیشن کی ضروریات کے بارے میں جان سکتے ہیں۔

پاکستان آتے وقت کانٹیکٹ ٹریسنگ ایپ کا استعمال کریں

بیرون ملک سے آنے والے افراد کو پاس ٹریک ایپ کا استعمال کرنا لازم ہے۔ اِس ایپ کے ذریعے پاکستان آنے والے مسافروں کو مطلوبہ معلومات پاکستان پہنچنے سے 48 گھنٹوں کے اندر درج کرنی ہوتی ہے۔ ایپ کے ذریعے مسافروں کو پاکستان آنے کے بعد 14 دن تک اپنی صحت سے متعلق معلومات فراہم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

آپ پاس ٹریک ایپ درج ذیل لنکس کے ذریعے استعمال کرسکتے ہیں۔

سفر کے دوران مسافروں اور سیاحوں کے لئے ہدایات

کوویڈ-19 کے پھیلاؤ کو روکنے کا بہترین طریقہ سماجی فاصلے اور حفظان صحت کے اصولوں کا خیال رکھنا ہے۔ آپ کوویڈ-19 سے بچاؤ کے اقدامات اور اپ ڈیٹ کے بارے میں ہماری ویب سائٹ پر یہ مضمون، عالمی ادارہ صحت کی ہدایات، اور قومی ادارہ صحت کی طرف سے دی گئی معلومات بھی پڑھ سکتے ہیں۔ دیگر معلومات کے لئے نیچے دی گئی ہدایات دیکھیں۔

1- سفر کے دوران چیک لسٹ 

سفر سے پہلے یہ چیک کرنا بہتر ہے کہ آپ جس جگہ جا رہے ہیں وہ محفوظ ہے-اور وہان لاک ڈاون نہیں ہے۔ آپ وزارت قومی صحت کے کوویڈ-19 ہیلتھ ایڈوائزری پلیٹ فارم، ٹویٹر ہینڈل اور فیس بک پیج سے باقاعدگی سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ اپنے علاقے کے ڈپٹی کمشنر یا ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے ٹویٹر ہینڈل یا فیس بک پیج سے لاک ڈاون سے متعلق معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ 

  • اِس بات کی تسلی کر لینی سفر کرنے والے افراد کو سفر شروع کرنے سے پہلے چاہیے کہ اُن کے ساتھ موجود تمام مسافروں میں کوویڈ-19 کی علامات نہیں ہیں۔
  •  بزرگ افراد کسی بھی قسم کے سفر سے گریز کریں۔
  •  مسافروں کو ماسک اور سینیٹائزر کی مناسب تعداد ساتھ لے کر سفر کرنا چاہیے۔
  •  اگر آپ سفر کے دوران بیمار محسوس کریں تو، خود کو باقی مسافروں سے الگ رکھیں اور جتنی جلدی ممکن ہو ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔
  •  اگر آپ کسی ایسی جگہ سے واپس آچکے ہیں جہاں کورونا وائرس کا شدید پھیلاوٴ ہے تو 5-3 دنوں کے لئے گھر میں اپنے آپ کو الگ کمرے میں رکھیں۔
  • اپنے ہاتھوں کو باقاعدگی سے اور اچھی طرح دھوئیں، ہاتھ ملانے سے یا اپنے چہرے کو چھونے سے گریز کریں اور بھیڑ والی جگہوں سے دور رہیں۔
  • جہاں ممکن ہو، اپنے اور دوسروں کے درمیان کم سے کم 1 میٹر (6 فٹ) فاصلہ برقرار رکھیں۔

2- ہوٹل، موٹل یا گیسٹ ہاؤس کا انتخاب کرتے وقت چیک کرنے والی چیزیں

اِس بات کو یقینی بنانے کے لئے کہ جس ہوٹل میں آپ رہ رہے ہیں وہ کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر اختیار کر رہا ہے ، نیچے دی گئی فہرست دیکھیں۔ یہ فہرست حکومت پاکستان کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر مشتمل ہے۔ جس ہوٹل میں آپ ٹھہر رہے ہیں وہاں:

  •  داخلے پر مہمانوں کا جسمانی درجہ حرارت چیک ہونا چاہیے۔
  •  مرکزی دروازے پر سینیٹائزر کی فراہمی ہونی چاہیے ۔
  •  سماجی دوری کے لئے تمام سہولیات میں زمین اور دیواروں کو ٹیپ کے ساتھ نشان لگا کر واضح ہونا چاہیے۔
  •  مہمانوں کو کمرے کے باہر ماسک کا استعمال لازمی ہونا چاہیے۔
  •  اِس بات کو یقینی بنائیں کہ ہال، عوامی غسل خانے، پارکنگ ایریا، دروازے کے ہینڈل، لفٹ بٹن، ٹیبلٹپس ریموٹس، لائٹ سوئچ وغیرہ کثرت سے صاف کیے جاتے ہوں۔
  •  جراثیم کش سپرے کے ذریعے سیاحوں کے ذیر استعمال کمرے اور گاڑیاں باقاعدگی سے صاف ہوتی ہوں ۔
  •  صفائی کرنے والے عملے کو مہمانوں سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے پی پی ای جیسے دستانے، ماسک پہننا چاہئے۔

یاد رکھیں یہ ہوٹل انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ سیاحوں کو مقامی ایس او پیز، احتیاطی تدابیر اور سیاحت کے مقامات سے قریبی اسپتالوں میں صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات سے آگاہ کرے۔

3- ریسٹورانٹ، کیفے یا فاسٹ فوڈ کا انتخاب کرتے وقت چیک کرنے کی چیزیں 

نیشنل کمانڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کی ہدایات کے مطابق، تمام ریستوراںٹ، کیفے اور فاسٹ فوڈز:

  •  صرف باہر ڈائننگ، ڈلیوری یا ٹیک اوے فراہم کرسکتے ہیں۔ 
  •  باہر ڈائننگ کے دوران سماجی فاصلے کا خیال رکھنے کے پابند ہیں۔ 
  •  صرف مقامی انتظامیہ، ایس او پیز اوراعلان کردہ اوقات کے مطابق کام کر سکتے ہیں۔ 
  •  بیمار ملازمین کو کام پر نہیں بلا سکتے۔ 
  •  با قاعدگی سے سطحوں کی صفائی کو یقینی بنانے کے پابند ہیں۔
  •  آپریٹنگ اوقات کے دوران ہر وقت فوڈ سیفٹی منیجر کی موجودگی ضروری ہے۔ 

4- ٹورزم آپریٹر کا انتخاب کرتے وقت چیک کرنے کی چیزیں۔

 تھرمل اسکیننگ، ماسک اور سماجی فاصلے سے متعلق مذکورہ بالا ہدایات کے علاوہ، آپ کے آپریٹر کے لئے ضروری ہے کہ:

  •  بکنگ کے وقت سیاحوں کی تفصیلات درج کرے، جیسے شناختی کارڈ نمبر، فون نمبر، اور گھر کا پتہ۔
  •  اِس بات کو یقینی بنائے کہ عملے کا کوئی فرد بیمار نہ ہو یہ یقینی بنائے کہ عملہ ایس او پیز پر عمل کررہا ہے۔
  •  عملے کے ہر فرد کو ہدایات کا ایک کتابچہ فراہم کرے۔ 

5- عوامی مقامات پر مسافروں اور سیاحوں کے لئے احتیاطی تدابیر 

  • تمام سیاحوں کو ہمیشہ ماسک پہننا چاہئے۔ 
  •  سیاحوں کو لے جانے والے ڈرائیور اور عملے کے افراد بھی ہر وقت ماسک پہنیں۔
  •  سیاحتی مقام میں داخل ہونے سے پہلے تمام سیاحوں کے لئے تھرمل اسکریننگ کی جانی چاہئے۔
  •  ایس او پیز کے مطابق، کورونا وائرس کی علامات والے کسی بھی فرد کو باقی مسافروں سے الگ رکھیں۔

مزید معلومات کے لئے وزارت قومی صحت اور پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے فراہم کردہ ایس او پی دیکھیں۔

کیا آپ کے کوئی مزید سوالات ہیں؟

مزید معلومات کے لئے حکومتِ پاکستان کے کوویڈ-19 ہیلتھ ایڈوائزری پلیٹ فارم کو دیکھیں۔ کوویڈ-19 ٹیسٹنگ، علامات، یا کسی بھی دیگر متعلقہ معلومات کے لئے، 1166 پر کال کریں۔

آپ بولو فیس بک پیج پر پیر سے جمعہ، صبح 9 سے دوپہر 5 بجے تک اپنے سوالات بھی بھیج سکتے ہیں: www.facebook.com/bolopkinfo.